لاہور: حکومت نے سابق پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کو پاکستان اینٹی ڈوپنگ بورڈ (PADB) کا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا ہے۔
حکام کی جانب سے ڈاکٹر سہیل سلیم کی پاکستان اینٹی ڈوپنگ بورڈ (PADB) کی بطور چیف ایگزیکٹو تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے سی ای او ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا ہے کہ حکومت نے انہیں کھیلوں کو ڈوپ فری بنانے کی اہم ذمہ داری سونپی ہے، اور اس مقصد کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11 کا شیڈول لٹک گیا؛ پی سی بی اور فرنچائزز میں ڈیڈلاک برقرار
ان کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی کو قواعد و ضوابط کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ کے مرحلے سے لازمی گزرنا ہوگا۔
ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق پاکستان میں ہونے والی تمام گیمز میں ڈوپنگ ٹیسٹ لازمی لیے جائیں گے اور ڈوپنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سمیت تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ کھیلوں کا میدان شفاف اور صحت مند رہے۔



















