نیویارک: ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی نئی لاٹری مرحلے میں قیمتیں سامنے آتے ہی دنیا بھر کے فٹبال شائقین شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
جمعرات کو ٹکٹ فروخت کے تازہ مرحلے کا آغاز ہوا تو شائقین یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کئی میچوں کیلئے ٹکٹوں کی ’ابتدائی قیمت‘ سینکڑوں ڈالر بڑھا دی گئی ہے۔
دی ایتھلیٹک کے مطابق فیفا نے کیٹیگری 1 ٹکٹوں کی قیمت 410 یا 445 ڈالر سے بڑھا کر 700 ڈالر کر دی ہے، خصوصاً انگلینڈ بمقابلہ کروایشیا اور اسکاٹ لینڈ بمقابلہ برازیل جیسے میچوں کیلئے۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ ڈراز کا اعلان؛ 48 ٹیمیں 12 گروپس میں تقسیم
مجموعی طور پر 104 میں سے 80 میچوں کی ٹکٹیں مہنگی ہوئیں، بعض میں اضافہ 71 فیصد تک پہنچ گیا۔
فیفا کے چار درجوں میں تقسیم ٹکٹوں میں سب سے سستا کیٹیگری 4 ٹکٹ ہے جس کا وعدہ 60 ڈالر سے شروع ہونے کا کیا گیا تھا، مگر جمعرات کو یہ ٹکٹ مکمل طور پر غائب رہے اور خریداری کیلئے دستیاب ہی نہ تھے۔
یہ قیمتیں 13 جنوری تک جاری رہیں گی، جس کے بعد لاٹری بند ہو جائے گی اور شائقین کو یا تو ٹکٹ مل جائیں گے یا ان کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
فین گروپس کی شدید مذمت
فٹبال سپورٹرز یورپ (FSE) نے ٹکٹ قیمتوں کو ’’انتہائی مہنگا‘‘ اور ’’آسمانی‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔
گروپ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شائق اپنے ملک کی ٹیم کا سفر گروپ میچ سے فائنل تک کرے تو اسے کم از کم 6,900 ڈالر خرچ کرنا ہوں گے، جو قطر ورلڈ کپ 2022 کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔
مزید برآں وفادار شائقین کیلئے کیٹیگری 4 ٹکٹ قومی فیڈریشنز کو دینے کے بجائے عام فروخت کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں، جو ڈائنامک پرائسنگ کے تحت مزید مہنگے ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فیفا سے ورلڈ کپ 2026 میں LGBTQ+ پرائیڈ تقریب روکنے کا مطالبہ
فین گروپ نے اس اقدام کو ورلڈ کپ کی روایت کے ساتھ ’’سنگین دھوکہ‘‘ قرار دیا ہے۔
فیفا کا مؤقف
فیفا نے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتیں ’’میزبان ممالک میں بڑی اسپورٹس و انٹرٹینمنٹ ایونٹس کی مارکیٹ پریکٹس کے مطابق‘‘ رکھی گئی ہیں۔
فیفا نے یہ بھی کہا کہ وہ بطور ’’نان پرافٹ‘‘ ادارہ ورلڈ کپ سے حاصل آمدنی کو دنیا بھر کی 211 فٹبال ایسوسی ایشنز میں کھیل کی ترقی کیلئے استعمال کرتا ہے۔
ورلڈ کپ 11 جون 2026 سے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگا۔



















