اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں وزیراعظم کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ اور ظہرانہ دیا گیا۔
اس موقع پر بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر وزیراعظم نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سمیت وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور قومی پرچم سربلند کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
قبل ازیں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہرکھلاڑی کو 50 لاکھ روپے دینےکا اعلان کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ دبئی میں کھیلےگئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔


















