Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سے عبرتناک شکست ہضم نہ ہوسکی، بھارتی کرکٹ میں صفائی شروع

ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ کچھ شکستیں صرف اسکور نہیں، پورا نظام ہلا دیتی ہیں

کراچی: انڈر 19 ایشیاکپ میں پاکستان کے ہاتھوں 191 رنز کی عبرتناک شکست بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے سوہان روح بن گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ہاتھوں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں ہونے والی تاریخی شکست بھارت کے لیے صرف ایک میچ نہیں رہی، بلکہ اب باقاعدہ اجلاس کی صورت اختیار کر گئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے  191 رنز کی ہار کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، گویا اسکور بورڈ کے بعد اب فائلیں کھلیں گی۔

کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بدترین شکست کے بعد بی سی سی آئی کی اپیکس کونسل نے اجلاس میں یہ طے کیا کہ ٹیم کی پرفارمنس پر سنجیدہ غور کیا جائے۔

یعنی بھارتی کرکٹ میدان میں جو جواب حاصل نہ کرسکی، وہ جواب اب میٹنگ روم میں تلاش کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ ٹیم منیجر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرے گا، جبکہ کوچ ہریشیکیش کانیتیکر اور کپتان ایوش مہاترے کو بھی کارکردگی پر وضاحت دینا ہوگی، یعنی اب بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ ساتھ دلائل بھی جانچے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے واضح اور فیصلہ کن مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

یوں ایک طرف پاکستان جشن اور ٹرافی کے ساتھ آگے بڑھ گیا، تو دوسری جانب بھارت میں سوالات، رپورٹس اور جائزے شروع ہو گئے۔

جس سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ کچھ شکستیں صرف اسکور نہیں، پورا نظام ہلا دیتی ہیں۔