بنگلا دیش کرکٹ بورڈ( بی سی بی) نے آئی سی سی کی جانب سے 21 جنوری کی دی گئی ڈیڈلائن کی افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔
بی سی بی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ آئی سی سی کے ساتھ اجلاس کے دوران وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں نہ کھیلنے کے اپنے موقف پر قائم رہا ہے۔
اجلاس کے دوران بی سی بی نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے متبادل مقام پر میچز کرانے کی درخواست دہرائی۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اپنے طے شدہ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی پر آمادہ نظر نہیں آتی۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے بنگلہ دیش ٹیم کی سیکیورٹی کو اولیت دینے کی یقین دہانی کرادی
موجودہ شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کو گروپ سی میں اٹلی، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ تین ہفتوں سے اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ہے، جبکہ بنگلا دیش کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 فروری کو کولکتہ میں شیڈول ہے، جو محض تین ہفتے بعد کھیلا جانا ہے۔
شیڈول کے مطابق بنگلا دیش اپنے مزید دو گروپ میچز کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلے گا، جبکہ آخری گروپ میچ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ہفتے کی بات چیت کے دوران یہ بھی واضح ہوا کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے گروپس تبدیل کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے، جس کے تحت بنگلہ دیش کو گروپ بی میں شامل ہو کر سری لنکا میں ابتدائی میچز کھیلنا تھے۔
آئی سی سی نے بی سی بی کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ بھارت میں بنگلہ دیشی ٹیم کو کسی قسم کے سکیورٹی خدشات کا سامنا نہیں ہوگا۔
تاہم اس کے باوجود بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔



















