پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش کردی ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلا دیش کے سیکیورٹی خدشات کو جائز قرار دیا اور بنگلا دیش کو اپنے میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش بھی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلا دیشی مؤقف کی حمایت کر دی ہے۔
کرکٹ ویب کے مطابق پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلا دیش کے میچز بھارت کے بجائے کسی دوسرے مقام پر کرانے کی تائید کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی بورڈ کو لکھے گئے خط میں بنگلا دیش کے سیکیورٹی خدشات کو جائز قرار دیا اور بنگلا دیش کو اپنے میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش بھی کی ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی آج بنگلا دیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی تاحال ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کے فیصلے پر قائم ہے، تاہم بنگلا دیش اور آئی سی سی کے درمیان تنازع بدستور برقرار ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی متعدد ملاقاتیں بھی بے نتیجہ ثابت ہو چکی ہیں۔
کرکٹ ویب کے مطابق سیاسی کشیدگی کے اثرات بھی اس تنازع میں شامل ہیں، جبکہ بنگلا دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 کے اسکواڈ سے نکالنے کا معاملہ بھی اختلاف کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر بنگلا دیش بھارت کرکٹ تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔



















