Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی کو پہلی بار نڈر چیئرمین ملا، بھارتی صحافی محسن نقوی کی کارکردگی کے اسیر

یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی چیئرمین بھارت اور آئی سی سی کے سامنے کھل کر بات کر رہا ہے، گپتا

بھارتی صحافی بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) محسن نقوی کی کارکردگی کی  تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے چیئرمین محسن نقوی کے دوٹوک مؤقف اور جرات مندانہ طرزِ عمل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پی سی بی کا پہلا دلیر چیئرمین قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی چیئرمین بھارت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے کھل کر بات کر رہا ہے اور کسی دباؤ کا شکار نظر نہیں آ رہا۔

انھوں نے کہا کہ محسن نقوی بھارت اور آئی سی سی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر لڑ رہا ہے اور ڈر نہیں رہا۔ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو واضح ہدایات کر دی ہیں کہ ورلڈ کپ کی تیاری روک دی جائے۔

وکرانت گپتا نے اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف کھلاڑیوں کو میدان میں مصافحہ اور خیرسگالی سے روکا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب تجارتی سرگرمیاں جاری رکھی جاتی ہیں، جو ایک دوہرا معیار ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی تقریب کے دوران بھی پاک بھارت تنازع سامنے آیا تھا، جب بھارت نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود اختتامی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت ملک بھر کے اسٹیڈیمز کی اپگریڈیشن کے حوالے سے جلد اچھی خبر ملے گی، محسن نقوی

 ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی وفد سے دانستہ طور پر مصافحہ نہ کرنے کے عمل کو کرکٹ حلقوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا گیا تھا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیاسی اختلافات کو کھیل کے میدان تک لانا کھیل اور سفارت کاری کے درمیان موجود حد کو متاثر کر رہا ہے، تاہم محسن نقوی اس تمام صورتحال میں اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست آئی سی سی کو دے دی ہے۔

آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے نظرِ ثانی کے لیے زور دیا ہے، تاہم بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے قومی ٹیم کی جاری تیاریوں کو عارضی طور پر روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے متبادل منصوبہ بھی طلب کر لیا ہے، جو اس صورت میں نافذ کیا جائے گا اگر پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کے تحفظات دور نہیں ہوتے تو وہ بھی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کر سکتا ہے۔