بنگلا دیش اور آئی سی سی کے درمیان جاری تنازعے پر پی سی بی کی جانب سے لیے گئے اصولی موقف پر کھلاڑیوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر انہیں اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقینِ کرکٹ کی نظریں اس سیریز پر ہیں اور وہ ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کو پہلی بار نڈر چیئرمین ملا، بھارتی صحافی محسن نقوی کی کارکردگی کے اسیر
ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کے معاملے پر محسن نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، جبکہ پی سی بی آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی ہے اور پاکستانی حکومت جو فیصلہ کرے گی، اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے ہی حاصل ہوتی ہے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے کہا کہ ہم سب پی سی بی کے اصولی موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ملاقات میں کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینجر ٹیم نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
