پاکستان نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ایک بار پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت ہوا، پاکستانی بالرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28.3 اوورز میں ہی نیوزی لینڈ کا کھیل ختم کردیا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 28.3 اوورز میں 10 وکٹیں گنوا کر 110 رنز اسکور کیے ہیں، اور پاکستان کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے یہ ہدف 17.1 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 76 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیوگو بوگو 39 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر چار کھلاڑی ہی 17، 15، 13 اور 10 رنز بنا کر ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا تین وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر رہے، ان کے علاوہ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


















