پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس مرتبہ 89 مقامی کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں کی سلیکشن میں آسانی ہو۔
پلاٹینم کیٹیگری میں 16 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں کئی اہم اسٹار کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ اس کیٹیگری میں سلمان علی آغا، حسن علی، محمد نواز اور ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے ترقی دی گئی ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان گولڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نئی فرنچائزز کی شمولیت: پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی شہہ رگ بن گئی
اس کے علاوہ موجودہ اسٹار کھلاڑی بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاداب خان بھی پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار ہیں۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں 11 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں محمد وسیم جونیئر، سفیان مقیم اور سلمان مرزا کو گولڈ سے ڈائمنڈ میں ترقی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گولڈ کیٹیگری میں 32 کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 30 کھلاڑی شامل ہوں گے۔
پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں ہر فرنچائز آکشن سے پہلے کل چار کھلاڑی اور فی کیٹیگری ایک کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، پی ایس ایل 11 کا پہلا اور تاریخی پلیئرز آکشن 11 فروری کو ہوگا۔
مزید برآں، غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی تاریخ 3 فروری تک بڑھا دی گئی ہے تاکہ فرنچائزز کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔


















