Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک-آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے مشترکہ طور پر ٹرافی کی رونمائی کی

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کی موجودگی میں پاک-آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے مشترکہ طور پر ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ وہ سیریز کے لیے بہت پرجوش ہیں، اور ان کا اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنی شدید سردی ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سردی کے کپڑے بھی نہیں لے کر آئے، تاہم یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے بہت اہم ہے اور وہ بھرپور کوشش کریں گے کہ سیریز سے بہترین تیاری حاصل کریں۔

مارش نے پاکستان کے فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز کی کافی پرانی تاریخ ہے، اور شاہین آفریدی بہت باصلاحیت بالر ہیں۔ وہ یقین دلاتے ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف مکمل تیار ہے۔

دوسری جانب، قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوتی ہے وہ جارحانہ اننگز کھیلتے ہیں اور پاکستان ٹیم درست سمت میں جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تین میچز بہت اہم ہیں اور کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔

سلمان علی آغا نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹی 20 میں کوئی چھوٹی یا بڑی ٹیم نہیں ہوتی اور پرفارمنس کے حوالے سے قومی ٹیم کی کارکردگی ان کے لیے سب سے اہم ہے۔