پاک-آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، لیکن آسٹریلوی کپتان سردی سے پریشان نظر آرہے ہیں۔
پاکستان آمد کے بعد آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کے ہمراہ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی، بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے پاکستان میں موسم شدید سرد ہونے کا شکوہ کیا۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ وہ سیریز کے لیے بہت پرجوش ہیں اور ان کا اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنی شدید سردی ہوگی۔
مارش نے بتایا کہ وہ سردی کے کپڑے بھی نہیں لے کر آئے، تاہم یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم ہے، ٹیم کوشش کرے گی کہ سیریز سے بہترین تیاری حاصل ہو۔
مارش نے پاکستان کے فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بولرز کی تاریخ بہت پرانی ہے، اور شاہین آفریدی بہت باصلاحیت بالر ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف مکمل تیار ہے اور ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری میں بہترین پرفارمنس دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
نہیں چاہتا کہ صرف بابر اعظم کے حوالے سے ہی سوالات کیے جائیں، سلمان آغا
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم جہاں ضرورت محسوس کرے، وہاں جارحانہ اننگز کھیلتی ہے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پریس کانفرنس میں صرف بابر اعظم کے حوالے سے سوالات نہ کیے جائیں کیونکہ ٹیم میں اور بھی کئی اہم کھلاڑی موجود ہیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم درست سمت میں جا رہی ہے اور یہ تین میچز سیریز کے لیے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا، اور ٹی 20 میں کوئی ٹیم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی۔ بگ بیش میں بابر اعظم کی پرفارمنس نہ ہونا ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثر نہیں ڈالتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کنڈیشنز کے مطابق جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے، پچز کو سری لنکا کی کنڈیشنز کے مطابق بنایا گیا ہے، اور ہوم کنڈیشن کا فائدہ ضرور ہوگا۔
سلمان علی آغا نے فینز سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کی سپورٹ جاری رکھیں اور کھلاڑی ٹیم کی ڈیمانڈ کے مطابق کھیلیں۔


















