لاہور: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو باآسانی 22 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے باآسانی سے آسٹریلیا کو شکست دے دی۔
ہاکستان کی اننگز
پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور مہمان ٹیم کو 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 22 گیندیں کھیل کر 40 رنز کی تیز اننگز کھیلی جب کہ کپتان سلمان آغا بھی 27 گیندوں پر 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابراعظم صرف 24 رنز ہی بنا سکے، وہ زمپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ علاوہ ازیں عثمان خان نے 18 رنز اسکور کیے جب کہ فخر زمان صرف 10 رنز ہی بناسکے، صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے، انہوں نے 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ زیویئر بارٹ لیٹ اور بریڈ مین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی اسکور کرسکی، کیمرون گرین نے 36 اور زیویئر بارٹ لیٹ نے 34 رنز بنائے۔
کپتان ٹریوس ہیڈ 23، رینشا 15 ، فلیپی 12، مچل اوون 8، ایڈورڈز اور میتھیو شارٹ 5،5 جب کہ کونولی بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اوور میں 10 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ صائم ایوب نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


















