آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد آج اہم بورڈ میٹنگ ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) آئی سی سی بورڈ کا اجلاس آج ورچوئل طریقے سے ہوگا، اور اجلاس میں پاکستان کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔
قبل ازیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف گروپ میچ نہ کھیلے تو اس کے طویل مدتی اثرات ملکی کرکٹ اور عالمی کرکٹ پر مرتب ہوں گے۔
کرکٹ ویبسائٹ کے مطابق، آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ پی سی بی سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ایک ایسا حل تلاش کرے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کا بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پی سی بی کو انتباہ
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے مطابق، پاکستان کی شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور یو ایس اے کے ساتھ ہے، اور تمام میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا، اس کے بعد 10 فروری کو یو ایس اے اور 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف میچز ہوں گے۔
اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کرتا ہے تو اسے دو پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا، اور آئی سی سی کے قواعد کے مطابق پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بھی متاثر ہوگا، جبکہ بھارت کے نیٹ رن ریٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔



















