اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 200 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی، اٹلی کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ اور اٹلی کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں اٹلی نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی
اسکاٹ لینڈ نے اٹلی کی جانب سے د گئی اس دعوت کا خوب فائدہ اٹھایا اور مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کئے۔
اسکاٹش ٹیم کی جانب سے جارج میونسی 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ برانڈن نے 41 اور مائیکل جونز نے 37 رنز کی بہترین اننگز تراشی۔
اٹلی کی جانب سے علی حسن، گرانٹ اسٹیووارٹ، تھامس ڈریکا اور جے جے اسمٹس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں 200 سے زائد رنز بنانے والی ٹیمیں محدود ہیں اور یہ اسکور عام طور پر میچ جیتنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سب سے زیادہ 200+ رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے نام ہے، جس نے پانچ بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے، جس میں انگلینڈ کے خلاف 229 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل ہے۔
جنوبی افریقا کے بعد انگلینڈ تین بار 200+ اسکور بنا چکا ہے، جس میں انگلینڈ کا سب سے بہترین اسکور 230 رہا ہے۔
سری لنکا یہ پہاڑ دو بار سرکرچکا ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 260 رنز بنا کر اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ بنانے کا اعزاز بھی سری لنکا ہی کے پاس ہے۔
اس کے علاوہ انڈیا، ویسٹ انڈیز، پاکستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی کم از کم ایک مرتبہ 200+ رنز کا ہدف عبور کرچکی ہیں۔




















