Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویسٹ انڈیز نیپال کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے میں داخل

کیریبئن کپتان شائی ہوپ نے قائدانہ اننگ کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر نا قابل شکست 61 رنز بنائے

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ سی سے ویسٹ انڈیز نے نیپال کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کا ٹکٹ کٹوا لیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا 25 واں میچ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں گروپ سی کی ٹیموں ویسٹ انڈیز اور نیپال کے درمیان کھیلا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے نیپال کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 134 رنز کا ہدف15.2 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتار تیسری فتح حاصل کی اور اگلے مرحلے سپر ایٹ میں اپنی شرکت کو یقینی بنالیا۔

کیریبئن کپتان شائی ہوپ نے قائدانہ اننگ کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر نا قابل شکست 61 رنز بنائے جبکہ شمرون ہیٹمیر بھی 46 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز برینڈن کنگ نے 22 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

اس سے قبل نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی تھی۔ دیپندرا سنگھ نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 58 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ سومپل کامی 26 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر جیسن ہولڈر رہے، جنہوں نے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز اس فتح سے 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ سی سے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جب کہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقہ نے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی دو، دو میچز جیت چکے ہیں اور اس میچ میں فتح حاصل کرنے والے ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لے گی۔