ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، گروپ مرحلے میں بھارت اور جنوبی افریقا نے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ مرحلے کے 36 میچز مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ آج مزید 3میچز شیڈول ہیں، گروپ مرحلے کا آخری میچ کل آسٹریلیا اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق سپر ایٹ مرحلے کے لیے درکار تمام ٹیموں نے کوالیفائی کرلیا ہے، گروپ اے سے بھارت اور پاکستان، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جبکہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ریکارڈز دلچسپ موڑ پر، برینڈن ٹیلر منفرد اعزاز کے حامل
گروپ مرحلے میں بھارت اور جنوبی افریقا ناقابل شکست رہ کر سر فہرست ہیں، البتہ رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت پہلے اور جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کا ایک، ایک میچ ابھی باقی ہے، اگر یہ ٹیمیں اپنا آخری میچ بھی جیت لیتی ہیں تو یہ بھی ناقابل شکست رہنے کے اعزاز میں شریک ہوجائیں گی۔
تازہ ترین صورتحال کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، سری لنکا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، ویسٹ انڈیز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، انگلینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور زمبابوے 5 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔
پوائنٹس جدول کے مطابق گروپ مرحلے کے آج تین میچز شیڈول ہیں، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ کل آسٹریلیا اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے بعد ہفتہ 21 فروری سے سپر ایٹ مرحلے کے میچز کا آغاز ہوجائے گا۔
سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔




















