قومی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ بارش ہمارے ہاتھ میں نہیں، لیکن ٹیم کا مورال ہائی ہے اور انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل کے حوالے سے ابھی ٹیم میں کوئی خاص بات نہیں ہوئی، تمام توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے اور ہمیں کپتان کے فیصلے کا انتظار ہوتا ہے۔
ان کے مطابق بیٹنگ میں کولیپس ہو رہا ہے جس پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، خاص طور پر ٹاپ آرڈر کو اننگز لمبی لے کر چلنا ہوگا، بہتری ضرور آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ باؤلنگ اچھی ہو رہی ہے اور باؤلرز بہتر پرفارم کر رہے ہیں۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں جبکہ سینئرز پہلے کھیل چکے ہیں۔ سنا ہے کہ یہاں بیٹ پر بال اچھا آتا ہے، تاہم گزشتہ میچ کی وکٹ تھوڑی مختلف تھی۔ بابر اعظم نے بھی وکٹ دیکھ کر کہا کہ یہ بیٹنگ وکٹ ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 رینکنگ، صائم ایوب دوبارہ نمبر ون آل راؤنڈر، شاہین کی 12 درجے تنزلی
انہوں نے کہا کہ سنچری بنانے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، مگر کرکٹ ٹیم گیم ہے، سب کو ذمہ داری لینا ہوگی۔ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اگر اوپنرز کارکردگی نہ دکھائیں تو نیچے سے بھی کچھ نہ ہو۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ اننگز کو لمبا لے کر چلوں اور ٹیم کے لیے بڑا اسکور کروں۔
انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں کھیل کر آئے ہیں، ایسا نہیں کہ صرف آرچر کی وجہ سے مشکل ہوگی۔ اگر ان کا کوئی پلان ہوگا تو ہمارا بھی ہوگا۔ ہمارے پاس بھی تگڑے فاسٹ باؤلرز اور بہترین اسپنرز موجود ہیں اور ہم انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔
انہوں نے صائم ایوب کو امپیکٹ پلیئر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میچ میں لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امید ہے اچھا پرفارم کریں گے۔
ہنڈرڈ لیگ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امید ہے منتخب ہوں، یہ بہترین لیگز میں سے ایک ہے، تاہم یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں کہ کون سی لیگ میں کون لیتا ہے۔
ریکارڈز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اعداد و شمار پر کم نظر رکھتے ہیں، لوگ انہیں بھیجتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کے ورلڈ کپ میں زیادہ رنز کے ریکارڈ کو توڑنے کے بارے میں نہیں سوچ رہا، ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہوتے ہیں، کوشش ہوگی کہ پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر ملک کا نام روشن کروں۔


















