آج سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا چھٹا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا مجموعی طور پر 46 واں میچ شیڈول ہے۔
سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والے یہ میچ پاکستان کے لیے بھی امید کی ایک کرن ہے۔
گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ کے پاس ایک پوائنٹ ہے جبکہ سری لنکا ایک میچ ہار چکا ہے اور صفر پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔ دونوں ٹیمیں آج اپنا اپنا دوسرا میچ کھیلنے جارہی ہیں۔
اگر آج کا میچ نیوزی لینڈ جیت جاتا ہے، تو نیوزی لینڈ کے تین پوائنٹس ہوجائیں گے، اسی طرح پاکستان کا آخری میچ سری لنکا کے ساتھ شیڈول ہے، اگر پاکستان بھی سری لنکا کو ہرا دے تو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے تین، تین پوائنٹس برابر ہوجائیں گے اور پھر دونوں ٹیموں میں سے کس کو سیمی فائنل میں جگہ ملے گی، اس کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ٹیموں کی صورتحال اور سیمی فائنل کے امکانات
دوسری صورت کچھ اس طرح ہوسکتی ہے کہ سری لنکا جیت جائے اور نیوزی لینڈ ہار جائے تو اس صورت میں سری لنکا کے 2 اور نیوزی لینڈ کا ایک پوائنٹ رہ جائے گا، پھر اگر پاکستان سری لنکا کو ہرا دے اور انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا دے تو پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ بڑی آسانی سے سیمی فائنل کا حصہ بن جائے گا، جبکہ نیوزی لینڈ صرف ایک اور سری لنکا 2 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نکل جائیں گے۔
تیسری صورت میں اگر نیوزی لینڈ انگلینڈ کو ہرا دیتا ہے تو بھی نیوزی لینڈ اور پاکستان کے پوائنٹس تین، تین ہونے کی وجہ سے فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

















