خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ بنگلادیش پر اثرات کے خدشات سامنے آئے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کو ڈھاکا میں 11، 13 اور 15 مارچ کو تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں جبکہ ٹیم کی روانگی 9 مارچ کو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر سفری خطرات میں اضافہ نہ ہوا تو سیریز طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے اسکواڈ پر مشاورت آئندہ ہفتے کے ابتدائی دنوں میں متوقع ہے، جبکہ توجہ آئندہ عالمی مقابلوں کے پیش نظر ون ڈے فارمیٹ پر مرکوز کی جائے گی۔
آئندہ ورلڈ کپ 2027 کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکنہ طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق چند بڑے ناموں کی جگہ نئے کھلاڑیوں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فوری طور پر کوئی بین الاقوامی سیریز شیڈول نہیں۔ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے پیش نظر ممکنہ طور پر 5 سے 6 کھلاڑیوں کو آرام دینے کا بھی امکان ہے۔
کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ سیکیورٹی صورتحال اور مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔


















