پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا، انتظامیہ نے سیالکوٹ کے مداحوں کو سہولیات دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) پی ایس ایل سلمان نصیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لیگ قوانین کے تحت نام کی تبدیلی کی آپشن موجود ہے اور کسی بھی فرنچائز کی جانب سے درخواست دی جا سکتی ہے۔
ان کے مطابق سیالکوٹ کا نام تبدیل کرنے کی باقاعدہ درخواست موصول ہوئی تھی، جس کے بعد فرنچائز کی فیس دو سو کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے اور اب ٹیم کا نیا نام ملتان سلطانز ہوگا۔
فرنچائز کے نمائندے حمزہ مجید نے کہا کہ سیالکوٹ کے فینز کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، پی ایس ایل میچز میں مداحوں کو فری ٹکٹس اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور سب بھائی ہیں، اس فیصلے کا مقصد کسی کو مایوس کرنا نہیں۔
نومقرر سی ای او فرنچائز گوہر شاہ نے کہا کہ وہ ملتان سلطانز کے لیے سنجیدہ تھے اور اگر دس سال بھی انتظار کرنا پڑتا تو کرتے، مگر ملتان سلطانز کے ساتھ ہی جانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ اسٹالینز اکیلے کیسے فتح کرے گا، ہم اس لیے سلطان آ گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ واپس آ گئی ہے اور وہ خود فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں، اس لیے ٹیم کی کارکردگی سے وابستہ جذبات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
پی ایس ایل حکام کے مطابق 26 مارچ کو پہلا میچ لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مدِ مقابل ہوں گے۔ مکمل شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔



















