قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔
سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جبکہ اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 164 رنز اسکور کیے۔ وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 315 کیچ پکڑے اور 56 اسٹمپ کیے۔
سابق کپتان نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی جبکہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ون رینکنگ تک بھی پہنچی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔
مزید پڑھیں: کرپشن کا الزام؛ ویسٹ انڈین کرکٹر سمیت دو ٹیم آفیشلز معطل
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ ان کے مطابق 2006 میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2006 اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا ان کے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کی حمایت پر وہ دل سے شکر گزار ہیں جبکہ پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھا۔
سرفراز احمد کے مطابق انہوں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی اور پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی، وہ مستقبل میں بھی ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتے رہیں گے۔


















