Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیسرا ون ڈے، بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے سنچری اسکور کی جبکہ حارث رؤف نے تین وکٹیں لیں

میرپور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔

پاکستان نے 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 50 اوورز میں 279 رنز ہی بنا پائے۔ سلمان آغا نے شاندار سنچری اسکور کی، 106 رنز بنا کر ٹیم کی سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی، مگر اس کے باوجود پاکستان فتح حاصل نہ کر سکی۔

دیگر بلے بازوں میں سعد مسعود 38، کپتان شاہین شاہ آفریدی 37، عبدالصمد 34 اور غازی غوری 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، مستفیض الرحمان نے 3 اور ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رشاد حسین نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز اسکور کیے۔

تنزید حسن نے شاندار سنچری اسکور کی، 107 رنز بنا کر ٹیم کی مضبوط بنیاد رکھی، جبکہ توحید ہردوئے 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں لٹن داس 41، سیف حسن 37 اور نجم الحسن شانتو 27 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے 1، 1 وکٹ حاصل کر کے ٹیم کو مدد فراہم کی۔

پاکستانی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئیں، غازی غوری اور سعد مسعود اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔ حسین طلعت انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ شمائل حسین کو بھی آج کے میچ میں ڈراپ کردیا گیا، ابرار احمد کو محمد وسیم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں