Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 11 کی رنگا رنگ تقریب، ٹرافی اور ترانہ لانچ

قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے، محسن نقوی

لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جبکہ ایونٹ کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد ہمیشہ اولین ترجیح ہوتا ہے، اور آج کی قربانی کل آسانی بن کر سامنے آئے گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11 کیلئے 23 رکنی کمنٹری پینل کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اب ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین اور علی پرویز ملک نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی شریک ہوئے۔

ایونٹ میں فرنچائز اونرز، ٹیموں کے کپتان، ہیڈ کوچز، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل پلیئرز نے بھی شرکت کی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین سمیت دیگر شامل تھے۔