Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ 27 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا

میچز کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا، جس کے لیے ٹاس 9:30 بجے کیا جائے گا جبکہ دوپہر کے میچز 2 بجے شروع ہوں گے

قومی ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ 2026جمعہ  27 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا، جس میں پانچ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدِمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جہاں ہر ٹیم کم از کم 8 میچز کھیلے گی جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 12 اپریل کو غنی گلاس کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

ایونٹ میں شامل ٹیمیں  چیلنجرز، کنکوئیررز، انوینسیبلز، اسٹارز اور اسٹرائیکرز مقد مقابل ہونگی، دفاعی چیمپئن اسٹارز افتتاحی میچ میں چیلنجرز کے مدمقابل ہوں گی۔ٹورنامنٹ کے میچز تین وینیوز باغ جناح، غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ، اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، جہاں مجموعی طور پر 21 میچز شیڈول ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویمنز ‘اے’ اسکواڈ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے لیے تیار

یہ ایونٹ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ پاکستان ویمنز ٹیم کو آئندہ مہینوں میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز، آئرلینڈ میں ٹی20 سہ فریقی سیریز اور ویمنز ورلڈ کپ 2026 جیسے بڑے ایونٹس کھیلنے ہیں۔

کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 33 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، جس میں فاتح ٹیم کو 15 لاکھ جبکہ رنر اپ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ میچز کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا، جس کے لیے ٹاس 9:30 بجے کیا جائے گا جبکہ دوپہر کے میچز 2 بجے شروع ہوں گے، جن کے لیے ٹاس 1:30 بجے کیا جائے گا۔