Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل ٹیموں کے مالکان خالی اسٹیڈیم دیکھ کر اداس، فینز لانے کی اپیل کردی

فرنچائزز کے مالکان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام سوشل میڈیا پر پیغامات جاری

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جارہے ہیں جس نے ٹیم مالکان کو اداس کر دیا ہے۔

پی ایس ایل کی مختلف فرنچائزز کے مالکان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے گئے ہیں، ان پیغامات میں وزیراعظم سے اپیل کی گئی ہے کہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دیجائے اور اسٹیڈیم کو عوام کے لیے کھولا جائے۔

لاہور قلندرز  کے مالک عاطف رانا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا جشن ہے لیکن فینز کے بغیر یہ ادھورا ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ فینز کی میدان میں واپسی کی اجازت دی جائے۔

ملتان سلطانز  کے مالک گوہر شاہ نے شہباز شریف  کے نام جاری پیغام میں لکھا کہ ہم سب فینز کی واپسی چاہتے ہیں۔

ٹیم راولپنڈیز کے مالک احسن طاہر نے موقف اختیار کیا کہ فینز کے بغیر کرکٹ نہیں، کرکٹ پاکستانی عوام کی میراث ہے جو ان کی موجودگی سے ہی چلتی ہے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستاں سپر لیگ عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے، فینز کا جذبہ اور ان کی موجودگی پی ایس ایل کی حقیقی روح ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ گراؤنڈ میں فینز کی انرجی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے، گراؤنڈ میں فینز کے بغیر پی ایس ایل ادھوری ہے۔

حیدرآباد کنگز مین  کے مالک  فواد سرور کے مطابق ہم نے پہلے میچ میں گراؤنڈ میں فینز کو بہت مس کیا، اسٹیڈیم میں ایک بار پھر ہر باؤنڈری اور وکٹ پر کراؤڈ کا شور مچنے دیں۔

کراچی کنگز  کے مالک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوران خالی اسٹیڈیم دیکھ کر افسردہ ہوں۔