Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد یونائیٹڈ کا جیت کے لیے ملتان سلطانز کو 172 رنز کا ہدف

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے مارک چیپ مین 40 رنز بنا کر سرفہرست رہے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے  گیارہویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں اسلام ٓآباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے  گیارہویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور یوں ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے مارک چیپ مین 40 رنز بنا کر سرفہرست رہے جبکہ سمیر منہاس 28، ڈیون کونوے 26 اور فہیم اشرف 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے مون قمر نے تین، محمد وسیم نے دو اور محمد نواز، پیٹر سیڈل اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کے دوران اچانک بارش شروع ہوگئی جس کے باعث کھیل روکنا پڑا اور اسٹیڈیم میں پچ کو فوری طور پر کور کر دیا گیا۔ کچھ دیر بعد بارش رکنے پر گراؤنڈ اسٹاف نے میدان کو کلیئر کیا، جس کے بعد میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

میچ سے قبل ایک خوبصورت روایت بھی دیکھنے میں آئی، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر کو سووینئر پیش کیا۔ اس موقع پر “Plant Trees and Save the Planet” مہم کے تحت ماحول دوست پیغام بھی دیا گیا، جس کا مقصد کرکٹ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا تھا۔

پی ایس ایل میں اس اقدام کو شائقین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جہاں کھیل کے ساتھ ماحول کے تحفظ کا شعور بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا  جارہا ہے، جہاں لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔