پاکستان کے اسٹار کرکٹر نسیم شاہ کے بعد ایک اور اسٹار شاہین شاہ آفریدی بھی بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کی جانب سے سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ان پر 10 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کردیا ہے۔
فرنچائز کے اعلامیے کے مطابق ابتدائی رپورٹس میں کھلاڑیوں کی جانب سے سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ معاملے کی داخلی تحقیقات کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ واقعہ ہوٹل میں ایک الگ نوعیت کا واقعہ تھا، جسے عوامی سطح پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، سفاکیت کی انتہا، ماں کو تین بچوں سمیت قتل کرکے گٹر میں پھینک دیا گیا
لاہور قلندرز نے واضح کیا کہ یہ کسی دانستہ خلاف ورزی کے بجائے ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا، تاہم احتساب اور ڈسپلن کے تحت یہ کارروائی کی گئی۔
فرنچائز نے کہا کہ وہ تمام سکیورٹی پروٹوکولز کا مکمل احترام کرتی ہے اور سکیورٹی اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ دنوں سکندر رضا کے مہمانوں کو شاہین آفریدی کی سکیورٹی کے منع کرنے کے باوجود پلیئرز روم میں لے جایا گیا تھا۔
لاہور قلندرز نے اس معاملے پر اپنی تفصیلی رپورٹ اور مشاہدات پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ارسال کر دیے، اور ٹیم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
















