Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی روبوٹ نے 100 کلومیٹر مسافت طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ اے ٹو کی اس شاندار واک کے دوران کوئی خرابی سامنے نہیں آئی

حال ہی میں ایک چینی روبوٹ نے مسلسل چلنے کے دوران سب سے زیادہ مسافت طے کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جو تین دنوں میں 106.28 کلومیٹر تھا۔

چینی روبوٹک کمپنی ایگی بوٹ نے اے ٹو نامی ایک ایسا ہیومینائڈ روبوٹ تیار کیا جس نے مسلسل تین دن تک چل کر 106  کلومیٹر کا فاصلے طے کر کے ایک شاندار گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، حیرت انگیز طور پر روبوٹ نے اس دوران مختلف راستوں کو اختیار کیا، جس میں مصروف ترین شاہراہوں سمیت کئی پل بھی شامل تھے۔

اے ٹو نامی اس ربورٹ نے اپنی تاریخی واک 10 نومبر کی رات کو صوبہ جیانگ سو کے شہر سوزو سے شروع کی اور تین دن تک چلتا رہا، یہاں تک کہ 13 نومبر کی صبح شنگھائی پہنچا۔ اس دوران اس نے کل 106.286 کلومیٹر کی مسافت طے کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اے ٹو کی اس شاندار واک کے دوران کوئی خرابی سامنے نہیں آئی، اور اس کے پاؤں کے ربڑ کے سولز ہی اس شاندار سفر کے واحد متاثرہ حصے تھے۔ ایگی بوٹ کے ایک ترجمان کے مطابق، یہ چیلنج کمپنی کی ہیومینائڈ روبوٹ ٹیکنالوجی کی اعتبار اور استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قالین دھونے والا دنیا کا پہلا روبوٹ متعارف

یہ یقین کرنا مشکل لگتا ہے کہ ایک ہیومینائڈ روبوٹ ایک ہی بیٹری چارج پر 100 کلومیٹر سے زیادہ مسلسل چل سکتا ہے، تاہم اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے  چینی کمپنی نے ہوٹ سویپ ایبل بیٹری سسٹم کا استعمال کیا، جس نے اے ٹو کو بیٹری کی تبدیلی کے دوران بھی چلنے کی اجازت دی۔

اس وقت دنیا بھر میں ہیومینائڈ روبوٹ تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ کچھ وقت پہلے ہی، ایک اور چینی ماڈل کو پیش کیا گیا تھا جو بلکل انسان کی طرح چلنے ہو بہو نقل کرتا تھا۔