Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹائم میگزین نے اے آئی معماروں کو پرسن آف دی ایئر قرار دے دیا

2025 میں  دنیا بھر کے مختلف سوالات کا جواب اے آئی سے دیا جا رہا ہے،یہ نئے دور کی علامت بن چکا، میگزین

ٹائم میگزین نے اے آئی معماروں کو پرسن آف دی ایئر قرار دے دیا۔ یہ وہ معمار ہیں جنہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو تخیل، ڈیزائن اور تعمیر کے ذریعے مختلف شعبوں میں گہرے اثرات ڈالے ہیں۔

ٹائم کے ایڈیٹر ان چیف سام جیکبز نے قارئین کے نام اپنے خط میں کہا کہ پرسن آف دی ایئر کا انتخاب دنیا کی توجہ ان افراد کی جانب مرکوز کرنے کا ایک طاقتور طریقہ ہے جو ہماری زندگیوں کو نئی شکل دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025 میں یہ واضح ہو گیا کہ مصنوعی ذہانت کی مکمل صلاحیت سامنے آ چکی ہے اور اب پیچھے ہٹنے یا اس سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں بچا۔

2025 میں  دنیا بھر کے مختلف سوالات کا جواب اے آئی کے ذریعے دیا جا رہا تھا، اور یہ نئے دور کی علامت بن چکا ہے۔

ٹائم میگزین نے اس سال کے پرسن آف دی ایئر کی دو کور تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

ایک تصویر میں اے آئی کے اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ دوسری میں ٹیکنالوجی کے رہنما مارک زکربرگ، ایلون مسک، لیزا سو، جینسن ہوانگ، سیم آلٹمین، ڈیمس ہسابیس، ڈاریو اموڈی اور فی فی لی کو دکھایا گیا ہے۔

میگزین نے اے آئی کو اس وقت کی سب سے اہم ٹیکنالوجی قرار دیا ہے جو نیوکلیئر ہتھیاروں کے بعد بڑی طاقتوں کے درمیان مقابلے میں سب سے زیادہ اثر انداز ہو سکتی ہے۔

یہ اعزاز گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی دیا گیا تھا، اور انہوں نے 2016 میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔