وٹس ایپ صارفین ہوجائیں ہوشیار، سائبر کرائم نے خبر دار کردیا۔ صارفین کو محتاط رہنے اور سیکیورٹی سے متعلق اہم ہدایت جاری کردی گئیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں اپنے اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں یا انہیں شبہ ہو کہ کوئی اور ان کا اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے، تو فوراً اپنے اکاؤنٹ کو دوبارہ رجسٹر کریں۔
ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر ہیکنگ کا شبہ ہو تو سب سے پہلے واٹس ایپ کو ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کیا جائے اور اپنا فون نمبر درج کیا جائے۔
س کے بعد صارف کو ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں پر مشتمل ایک کوڈ موصول ہوگا جسے فوراً درج کرنا ضروری ہے۔
ایجنسی کے مطابق، جب یہ کوڈ درج کیا جائے گا تو واٹس ایپ خود بخود ہیکر کے موبائل سے لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ ایک وقت میں واٹس ایپ صرف ایک موبائل پر فعال رہ سکتا ہے۔
اگر ہیکر نے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن آن کر رکھی ہو اور پن کا علم نہ ہو، تو واٹس ایپ صارف کو 7 دن تک انتظار کرنے کو کہہ سکتا ہے، تاہم اس دوران گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس ایم ایس کوڈ درج ہونے کے بعد ہیکر کا کنٹرول ختم ہو جائے گا اور اس دوران نہ تو اکاؤنٹ استعمال کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی پیغامات پڑھے جا سکتے ہیں۔
NCCIA نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر دی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔



















