شاؤمی ایک ایسے اسمارٹ فون پر کام کررہا ہے جو بیٹری لائف کے حوالے سے اسمارٹ فون انڈسٹری میں تاریخ رقم کرسکتا ہے۔
تازہ ترین رپورٹس کے مطابق کمپنی اگلے سال ایک 10 ہزار ایم اے ایچ بیٹری والا فون لانچ کرسکتی ہے جو مین اسٹریم مارکیٹ میں سب سے بڑی بیٹری ہوگی۔
شاؤمی کی بیٹری ٹیکنالوجی میں بڑی پیش رفت
چینی اسمارٹ فون کمپنی شاؤمی آئندہ دنوں میں متعدد نئی ڈیوائسز متعارف کرانے جارہی ہے جن میں ریڈمی ٹربو 5 پرو بھی شامل ہے۔ اس فون میں 9 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری دی جائے گی جو پہلے ہی صارفین کے لیے ایک بڑی کشش سمجھی جارہی ہے۔
تاہم ان رپورٹس کے ساتھ یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ شاؤمی اگلے مرحلے میں 10 ہزار ایم اے ایچ بیٹری والے اسمارٹ فون پر کام کررہی ہے۔ اگر یہ فون لانچ ہوجاتا ہے تو یہ اسمارٹ فون مارکیٹ میں اب تک کی سب سے بڑی بیٹری کیپیسٹی والی ڈیوائس ہوگی۔
100 واٹ فاسٹ چارجنگ اور سلم ڈیزائن
اس فون میں 100 واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جب کہ فاسٹ وائرلیس چارجنگ کی سپورٹ بھی متوقع ہے۔ حیران کن طور پر اتنی بڑی بیٹری کے باوجود فون کا ڈیزائن زیادہ موٹا نہیں ہوگا اور اس کی موٹائی 8.5 ملی میٹر سے کم رکھی جائے گی۔
مارکیٹ میں مقابلہ، آنر بھی میدان میں
اسمارٹ فون بیٹری ریس میں صرف شاؤمی ہی نہیں بلکہ آنر کمپنی بھی شامل ہوچکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق آنر اپنی ون سیریز کے تحت 10 ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 100 واٹ فاسٹ چارجنگ والا فون متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مستقبل میں ملٹی ڈے بیٹری لائف اسمارٹ فونز عام ہوسکتے ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شاؤمی یہ طاقتور بیٹری فون اپنی مین شاؤمی برانڈ کے تحت لانچ کرے گی یا پھر ریڈمی یا پوکو سیریز کا حصہ بنایا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے باضابطہ اعلان اور لانچ ڈیٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔
