Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری افسران کے لیے چین کے طرز پر محفوظ میسجنگ ایپ ’’بیپ‘‘ تیار

یہ ایپ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے ذریعے تیار کی گئی ہے

بیپ ایپ تیار ، سرکاری افسران کے لیے محفوظ میسجنگ ایپ مکمل ہوگئی۔ جس کا مقصد سرکاری ملازمین کے درمیان محفوظ اور قابلِ اعتماد رابطے کو یقینی بنانا ہے۔

یہ ایپ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے ذریعے تیار کی گئی ہے ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے اجلاس میں اس کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ’’بیپ‘‘ ایپ میں ویڈیو کمیونیکیشن کے علاوہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت بھی ہوگی۔جس کے ذریعے سرکاری اداروں کے حساس معاملات پر محفوظ گفتگو کی جا سکے گی۔

یہ سب کچھ  این آئی ٹی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل اقبال رتیال  نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایپ جون 2026 تک متعارف کرائی جائے گی۔

ان کا کہناتھاکہ اسے ایک فیس ماڈل کے تحت چلایا جائے گا تاکہ ایپ مالی طور پر خود کفیل ہو سکے۔

وفاقی سیکریٹری آئی ٹی

دریں اثنا وفاقی سیکریٹری آئی ٹی نے واضح کیا کہ ’’بیپ‘‘ ایپ سے آمدن حاصل کرنا بنیادی مقصد نہیں ۔ ان کا کہناتھاکہ اس کا مقصد ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر اور محفوظ رابطہ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ایپ کے ذریعے سرکاری افسران کے درمیان محفوظ کمیونیکیشن کا ایک نیا دور شروع ہوسکتا ہے۔

کوالٹی آف سروس رپورٹ پر بھی سوالات

مزید براں اجلاس کے دوران پی ٹی اے کی کوالٹی آف سروس رپورٹ پر بھی سوالات اٹھائے گئے ۔ جس میں موبائل سگنلز کی سروس کی 99 فیصد تسلی بخش ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر اس رپورٹ کو مسترد کردیا ۔ اراکین کا کہناتھا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور کمزور سگنلز اس دعوے کی نفی کرتے ہیں۔