اسلام آباد: محکمہ پاسپورٹس نے شفاف، مؤثر اور تیز ترین پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی نگرانی کے لیے نیا جدید نظام متعارف کرا دیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایت پر ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے ملک بھر اور بیرونِ ملک پاسپورٹ دفاتر کے ڈیلی آپریشنز کی نگرانی کی جارہی ہے۔
اس مقصد کے لیے ایک ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے درخواستوں سے لے کر پاسپورٹ کی ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے۔
نئے سسٹم کے تحت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں، پرنٹنگ اور ترسیل کے عمل کی براہِ راست نگرانی کی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کی خودکار نشاندہی، اسٹاف کی کارکردگی اور پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے بیک لاگ، مشینری کی حالت اور تکنیکی امور پر بھی نظر رکھی جائے گی، جس سے سروسز میں مزید بہتری آئے گی۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق جدید مانیٹرنگ نظام محکمہ پاسپورٹس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نظام کے ذریعے افسران اور عملے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ تمام دفاتر میں شہریوں کے رش کی بھی نگرانی کی جائے گی جبکہ مانیٹرنگ کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ایک مؤثر میکانزم بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔




















