Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہوا سے نمی کشید کر کے کافی بنانے والی انوکھی مشین

کارا پوڈ فضا میں موجود نمی کو روزانہ 13 کپ پانی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

دور جدید میں ہوا سے نمی کشید کرکے مختلف کام انجام دیے جارہے ہیں اسی سوچ کو مد نظر رکھتے ہوئے رواں برس سائنسدانوں نے ایک ایسی مشین تیار کی ہے جو ہوا سے پانی کشید کر کے کافی بناتی ہے۔

تصور کریں کہ آپ کو ہر صبح تازہ کافی ملے اور اس کے لیے کافی میکر میں پانی بھرنے کی ضرورت بھی نہ پڑے۔ یہ جادو جیسا کام کارا پوڈ ڈیوائس انجام دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھروں کی چھتوں کو ٹھنڈا رکھنے اور ہوا سے پانی کشید کرنے والا انقلابی پینٹ تیار

 کارا واٹر نے دنیا کی پہلی خودکار طور پر ہوا سے پانی بنانے والی کافی مشین کارا پوڈ متعارف کرا دی ہے، جو جدید ایئر ٹو واٹر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کام کرتی ہے۔ یہ منفرد ڈیوائس ایک ہی وقت میں کافی مشین اور کاؤنٹر ٹاپ پینے کے پانی کے ڈسپنسر کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔

کارا پوڈ فضا میں موجود نمی کو روزانہ 13 کپ پانی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس جدید مشین کے ذریعے صارفین کا نلکے کے پانی اور بوتل بند پانی پر انحصار کم ہوجاتا ہے۔

اس مشین میں پانی کو صاف کرنے کے لیے الٹرا وائلٹ فلٹر لگا ہوا ہے اور یہ کافی بنانے کے لیے پودوں سے تیار کردہ کافی پوڈز استعمال کرتی ہے۔

کارا پوڈ دراصل کمپنی کارا واٹر کی پہلے سے موجود مصنوعات کی لائن پر مبنی ہے، جس میں گھریلو استعمال کے لیے ہوا سے پانی بنانے والی مشینیں شامل ہیں۔

کمپنی کے مطابق کارا پوڈ اس وقت مارکیٹ میں دستیاب ہےاور اس کی قیمت دیگر واٹر ڈسپنسرز کی نسبت سب سے کم ہے، جس کا مقصد اس انقلابی ٹیکنالوجی کو عام لوگوں تک قابلِ رسائی بنانا ہے۔