سائنسدانوں نے ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو انسانوں کی طرح کنگ فو میں مہارت رکھتا ہے۔
ٹی 800 نامی یہ روبوٹ انسان سے حد درجہ مماثلت رکھتا ہے، جبکہ اس شاہکار روبوٹ کو انجن اے آئی کمپنی نے بنایا ہے۔
چین کے شہر شینژن میں قائم انجن اے آئی ایک روبوٹکس کمپنی ہے، جو ہیومنائزڈ روبوٹ بنانے میں مہارت رکھتی ہے۔
یہ روبوٹ ماضی کی مشہور فلمز دی ٹرمینیٹراور اسکائی نیٹ کی یاد دلاتا ہے کیونکہ یہ بلکل ان میں دکھائے جانے والے روبوٹ جیسا ہی ہے، اور دیگر بنائے جانے والے روبوٹ کے مقابلے نہایت پھرتیلا اور طاقتور ہے، یہ مارشل آرٹ کرتے ہوئے ہوبہو انسانی نقل کرتا ہے، بلکہ انسانوں کے ساتھ مقابلہ بھی کر سکتا ہے۔
T800 کی اونچائی 1.73 میٹر جبکہ بیٹری سمیت وزن 75 کلوگرام ہے، جبکہ اس کا جسم خاص ہلکے مگر مضبوط میگنیشیم اور ایلومینیم کے مرکب سے بنایا گیا ہے، اس کے ہاتھ پاؤں بہت آسانی سے حرکت کرتے ہیں، اسی لیے یہ تیز اور طاقتور نظر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی روبوٹ نے 100 کلومیٹر مسافت طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
یہ روبوٹ چار گھنٹے تک مسلسل کام کر سکتا ہے۔ اس میں ایسے سینسر لگے ہیں جو اسے اپنے اردگرد کی چیزیں فوراً سمجھنے میں مدد دیتے ہیں، تاکہ یہ ٹکرائے بغیر چل سکے۔

اگرچہ یہ ابھی باریک کام جیسے سوئی میں دھاگہ ڈالنا نہیں کر سکتا، لیکن فیکٹریوں میں سادہ اور بار بار ہونے والے کام آسانی سے کر سکتا ہے، جیسے پرزے لگانا یا سامان اٹھانا۔
اس روبوٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ 29 مختلف زایوں میں حرکت کرسکتا ہے، اس میں موجود جوڑ 450 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اس کی حرکت بعض انسانی کھلاڑیوں سے بھی بہتر سمجھی جا رہی ہے۔
یہ روبوٹ 5 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتا ہے، اس کے ٹانگوں کے جوڑوں میں خاص کولنگ سسٹم لگا ہے، جس سے یہ زیادہ دیر تک بھاری کام کر سکتا ہے اور گرم نہیں ہوتا، جبکہ ماڈیولر سالڈ اسٹیٹ بیٹری چار گھنٹے تک سخت کام کرنے کے قابل بناتی ہے، بیٹری آسانی سے بدلی جا سکتی ہے اور مستقبل میں اپ گریڈ بھی ہو سکتی ہے۔
یہ روبوٹ جلد ہی فیکٹریوں میں استعمال کے لیے تیار کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کے لیے کثیر سرمایہ کاری کی گئی ہے، توقع ہے کہ 2026 میں اس کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔




















