سالانہ بنیادوں پرسوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد اپ لوڈنگ میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیشنل کمپیوٹر اور انفارمیشن سیکیورٹی حکام کی جاری کردہ دستاویز کے مطابق مالی سال 2024-25 میں مجموعی طور پر 88,035 ویب سائٹس بلاک کی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہیں جب کہ ایک لاکھ 9,771 ویب یو آر ایل بند کی گئی تھیں۔
سب سے زیادہ پابندیاں ٹک ٹاک پر لگائی گئیں، جہاں 35,000 ویب پیجز بلاک کیے گئے۔ فیس بک پر 25,482، انسٹاگرام پر 13,242 اور یوٹیوب پر 8,586 لنکس بند کیے گئے۔
دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر 2,103، لائیکی پر 991 اور اسنیک ویڈیو پر 345 پیجز بلاک کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران 38,214 ویب سائٹس خاص طور پر غیراخلاقی مواد کی وجہ سے بند کی گئیں جب کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے خلاف مواد پر مبنی 31,313 ویب پیجز پر پابندی عائد کی گئی۔
اسلامی تشخص کے خلاف 7,608، نفرت انگیز مواد والی 6,269 ویب سائٹس اور ہتک آمیز مواد والی 2,498 ویب سائٹس بلاک کی گئیں۔ توہین عدالت کے 353 ویب پیجز بھی بند کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ یہ اقدامات پاکستان میں سوشل میڈیا کی نگرانی، قومی اقدار کے تحفظ اور عوامی مفاد میں کیے جارہے ہیں تاکہ صارفین محفوظ اور معیاری مواد تک رسائی حاصل کرسکیں۔




















