واٹس ایپ ویب صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ کمپنی اپنے ویب ورژن میں وہ فیچرز شامل کرنے جارہی ہے جن کا صارفین طویل عرصے سے مطالبہ کررہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ویب پر جلد ہی گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت متعارف کروائی جائے گی۔
واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے اور ابھی آزمائشی ورژن میں بھی دستیاب نہیں۔
تاہم اس کی تکمیل کے بعد صارفین کسی بھی ڈیوائس سے واٹس ایپ ویب پر گروپ کالز میں شامل ہوسکیں گے۔
موبائل اور ڈیسک ٹاپ جیسا تجربہ
یہ اپ ڈیٹ واٹس ایپ کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ویب، موبائل اور ڈیسک ٹاپ ورژنز کے درمیان فرق ختم کیا جارہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کو کمپیوٹر پر الگ سافٹ ویئر انسٹال کیے بغیر براہِ راست ویب براؤزر سے کال کرنے کی سہولت ملے گی جو خاص طور پر مشترکہ یا عارضی کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔
گروپ کالز کی متوقع حد
اطلاعات کے مطابق واٹس ایپ ویب پر گروپ کالز میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 32 افراد تک ہوسکتی ہے، جیسا کہ موبائل ایپس میں موجود ہے تاہم کمپنی کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں کی گئی۔
کال لنکس اور شیڈول کالز
اس کے علاوہ واٹس ایپ ویب پر کال لنکس بنانے کی سہولت بھی متعارف کروانے پر کام جاری ہے جس کے ذریعے صارفین وائس یا ویڈیو کال کا لنک بناکر دوسروں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔
مزید یہ کہ کمپنی کال شیڈول کرنے کا فیچر بھی تیار کررہی ہے جس میں کال کا نام، مختصر تفصیل اور متوقع آغاز و اختتام کا وقت شامل ہوگا۔ یہ کالز خودکار طور پر شروع نہیں ہوں گی بلکہ صارفین کو یاددہانی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ تمام فیچرز آئندہ کسی اپ ڈیٹ میں متعارف کروائے جائیں گے۔ واٹس ایپ فی الحال ویب کالنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور تکنیکی مسائل دور کرنے پر کام کر رہا ہے۔




















