کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جسے کمپنی نے ’’اسٹرکٹ اکاؤنٹ سیٹنگز‘‘ کا نام دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر صحافی، عوامی شخصیات اور آن لائن انفلوئنسرز جیسے صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو سائبر اٹیکس، اسپائی ویئر اور دیگر ڈیجیٹل خطرات کے زیادہ حساس ہیں۔
نئی سیٹنگ فعال کرنے کے بعد واٹس ایپ صارف کے اکاؤنٹ میں سخت پرائیویسی کنٹرولز خودکار طور پر نافذ ہو جاتے ہیں۔ اس کے تحت نامعلوم رابطوں سے بھیجی جانے والی میڈیا فائلز اور اٹیچمنٹس بلاک ہوجاتی ہیں، جس سے نقصان یا خطرناک مواد پہنچنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد اکاؤنٹ خود بخود لاک ڈاؤن موڈ میں منتقل ہوجاتا ہے، جس سے کچھ فنکشنز محدود ہو جاتے ہیں، لیکن مجموعی طور پر صارف کا تجربہ زیادہ محفوظ بن جاتا ہے۔
صارفین اسے آسانی سے Settings → Privacy → Advanced میں جا کر فعال کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا کہ یہ فیچر مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا اور آنے والے ہفتوں میں دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ نے اپنے سیکیورٹی انفرااسٹرکچر میں بھی بہتری کی ہے اور ایپ کے اہم کوڈز کو رسٹ (Rust) پروگرامنگ لینگویج میں منتقل کیا ہے، تاکہ تصاویر، ویڈیوز اور میسجز کو محفوظ اور مستحکم انداز میں ہینڈل کیا جا سکے۔




















