گوگل نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں موجود اینڈرائیڈ فونز میں سے تقریباً 40 فیصد نئے سائبر حملوں اور میل ویئر سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے ورژنز والے فونز اب سیکیورٹی اپ ڈیٹس حاصل نہیں کررہے جس کی وجہ سے یہ آلات جدید خطرات کے سامنے غیر محفوظ ہیں۔
گوگل نے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس جاری کردی ہیں لیکن تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں صرف 58 فیصد فونز کو سیکیورٹی سپورٹ حاصل ہے جب کہ 40 فیصد سے زائد فونز بغیر اپ ڈیٹس کے رہ گئے ہیں اور نئے میل ویئر اور اسپائی ویئر حملوں کے لیے حساس ہیں۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دسمبر 2025 میں اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز پر نصب تھا، اینڈرائیڈ 15 پر 19.3 فیصد، اینڈرائیڈ 14 پر 17.9 فیصد اور اینڈرائیڈ 13 پر 13.9 فیصد فونز کام کررہے تھے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ چار ورژن نئے حملوں سے نمٹنے کے لیے اہم ہیں کیونکہ ان سے پرانے ورژنز کی حفاظت ممکن نہیں رہی۔ ایک ارب سے زائد صارفین اپنے فونز کی سیکیورٹی کے لیے بغیر مدد کے رہ گئے ہیں۔
گوگل صارفین کو مشورہ دے رہا ہے کہ اگر ان کا فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے نیا ورژن سپورٹ نہیں کرتا تو وہ نیا فون خریدنے پر غور کریں۔
ایپل کے آئی فون صارفین کی صورت حال اس کے برعکس عارضی ہے کیونکہ آئی فونز زیادہ تر iOS 26 پر اپ ڈیٹ ہورہے ہیں اور صرف چند فونز ایسے ہیں جو سپورٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنا یا نیا فون لینا اب ضروری ہوگیا ہے تاکہ وہ نئے سائبر خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔




















