گوگل نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے موقع پر ایک خصوصی ڈوڈل متعارف کرا دیا ہے، جس نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہ ڈوڈل شوخ اور دلکش رنگوں، نمایاں اشکال اور تھری ڈی انداز میں تیار کیا گیا ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جوش، تیز رفتار کھیل اور سنسنی خیز ماحول کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ گوگل کا یہ منفرد انداز کرکٹ کے مداحوں میں خاصی دلچسپی پیدا کر رہا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دسواں ایڈیشن آج 7 فروری سے باقاعدہ طور پر شروع ہو رہا ہے، جسے کرکٹ کی تاریخ کے سخت ترین اور دلچسپ مقابلوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔

اس میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، جہاں دنیا بھر سے 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، یہ ٹیمیں آٹھ مختلف وینیوز پر ٹرافی کے حصول کے لیے مدِمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج کولمبو میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کا شاندار آغاز ہوگا۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 8 مارچ 2026 کو احمد آباد یا کولمبو میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔




















