Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لبرٹی پاور پلانٹ کے انجینئرز کا کارنامہ؛ ڈیزل بس کو الیکٹرک بس میں تبدیل کردیا

یہ الیکٹرک بس انتہائی جدید اور خوبصورت ہے جس کا مقابلہ دنیا کی بڑی بسیں بنانے والی کمپنیوں سے کیا جاسکتا ہے۔

سندھ کے ضلع ڈھرکی میں قائم لبرٹی پاور پلانٹ کے انجینئرز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ڈیزل بس کو الیکٹرک بس میں تبدیل کردیا ہے۔

انجینئرز نے مسافر بس کو ماحول دوست بنادیا ہے، یہ پاکستان کی پہلی ڈیزل بس ہے جس کو الیکٹرک بس میں تبدیل کیا گیا ہے۔

یہ بس واضح مثال ہے کہ اب پاکستان گرین پاکستان بننے جارہا ہے جس میں اس بس کا اہم کردار ہوگا۔

انجینئرز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی بسیں پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی نظر آئیں گی جو ماحول کا آلودہ ہونے سے بچاتی ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی کا باعث بنتی ہیں۔

انجینئرز نے بتایا کہ الیکٹرک بس ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد چار سو کلو میٹر سے زائد سفر کرسکتی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے یہ بہترین گاڑی ہے۔

انجینئرز کہتے ہیں کہ اس بس کو ڈھرکی سے اسلام آباد تک سڑکوں پر چلایا گیا ہے، کلرکلہار کے پہاڑی علاقے میں بھی اس الیکٹرک بس نے ہمیں مایوس نہیں کیا۔

لبرٹی پاور پلانٹ میں الیکٹرک بس کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ایشیاپاک انویسٹمنٹ کے چیئرمین شہریار چشتی بس کا افتتاح کریں گے جب کہ تقریب میں انجینئرز کو تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ یہ الیکٹرک بس انتہائی جدید اور خوبصورت ہے جس کا مقابلہ دنیا کی بڑی بسیں بنانے والی کمپنیوں سے کیا جاسکتا ہے۔