یوٹیوب نے اپنی اے آئی سے چلنے والی آٹو ڈبنگ کی سہولت میں بڑا اپ گریڈ کردیا ہے، جس کے ذریعے ناظرین اب کسی بھی ویڈیو کو اپنی مادری زبان میں سن اور دیکھ سکیں گے۔
اس نئی اپ ڈیٹ کے مطابق یوٹیوب کی آٹو ڈبنگ اب 27 زبانوں کو سپورٹ کرتی ہے۔ صارفین آسانی سے یوٹیوب کی ترتیبات میں اپنی پسندیدہ زبان منتخب کر سکتے ہیں اور جب ڈب شدہ ورژن دستیاب ہوگا، پلیٹ فارم خود بخود ویڈیو اسی زبان میں چلا دے گا۔
یہ فیچر عالمی مواد تک رسائی کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی لاتا ہے، جس سے صارفین کو ویڈیو دیکھنے کے لیے کسی اضافی قدم کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یوٹیوب نے Expressive Speech نامی جدید اے آئی ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی ہے، جو اصل تخلیق کار کے لہجے، جذبات اور بولنے کے انداز کو برقرار رکھتے ہوئے ڈب شدہ ویڈیوز پیش کرتی ہے، اس کا مقصد فلیٹ یا مکینیکل وائس اوور کو ختم کرنا ہے جو اکثر ڈب شدہ مواد کو غیر مؤثر بناتے ہیں۔
فی الحال انگریزی، فرانسیسی، جرمن، ہندی، انڈونیشی، اطالوی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں کے لیے یہ فیچر دستیاب ہے جبکہ یوٹیوب نے تصدیق کی ہے کہ مزید زبانیں جلد شامل کی جائیں گی۔




















