Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا بھر میں شاؤمی 17 سیریز کی لانچنگ تاریخ سامنے آگئی، پاکستان میں کب لانچ ہوگا؟

تقریب میں ممکنہ طور پر دیگر ڈیوائسز بھی لانچ کی جاسکتی ہیں جن میں شاؤمی پیڈ 8 پرو، شاؤمی ٹیگ اور شاؤمی واچ 5 شامل ہیں۔

چینی ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی نے اپنی نئی فلیگ شپ 17 سیریز کی عالمی تقریب کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق موبائل ورلڈ کانگریس سے قبل عالمی لانچ ایونٹ 28 فروری کو بارسلونا میں منعقد ہوگا۔

کمپنی نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ’’تصویری دنیا کی نئی لہر آرہی ہے‘‘ کے پیغام کے ساتھ اس تقریب کی تصدیق کی جس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ شاؤمی 17 الٹرا کو پہلی بار عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا۔

 

پاکستان میں شاؤمی 17 کب متوقع ہے؟

یہ اعلان پاکستانی صارفین کے لیے بھی اہم ہے کیونکہ شاؤمی عموماً اپنے فلیگ شپ فونز عالمی لانچ کے فوراً بعد پاکستان میں متعارف کراتی ہے۔

ٹیک ماہرین کے مطابق امکان ہے کہ بارسلونا ایونٹ کے چند ہفتوں بعد نئی سیریز پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہوجائے گی جس سے اسمارٹ فون خریداروں کو جدید کیمرا اور بیٹری فیچرز کا فائدہ مل سکے گا۔

کون سے ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے؟

اطلاعات کے مطابق تقریب میں درج ذیل ماڈلز پیش کیے جا سکتے ہیں جن میں شاؤمی 17 اسٹینڈرڈ ماڈل، شاؤمی 17 الٹرا اور ممکنہ طور پر دیگر ڈیوائسز بھی شامل ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق شاؤمی 17 پرو اور پرو میکس 17 کی عالمی دستیابی تاحال غیر یقینی ہے اور یہ ماڈلز ممکنہ طور پر صرف چین تک محدود رہ سکتے ہیں، خاص طور پر وہ ورژن جس میں بیک سائیڈ پر اضافی ڈسپلے دیا گیا ہے۔

بیٹری اور ہارڈویئر میں فرق

رپورٹس کے مطابق عالمی اور چینی ماڈلز میں بیٹری کی گنجائش مختلف ہوسکتی ہے، عالمی سطح پر شاؤمی 17 کی بیٹری 6 ہزار 330 ایم اے ایچ ہوسکتی ہے جب کہ چین میں 7 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی۔

اس طرح شاؤمی الٹرا کی عالمی سطح پر بیٹری 6 ہزار ایم اے ایچ ہوگی جب کہ چینی ورژن میں 6 ہزار 800 ایم اے ایچ کی بیٹری ہوسکتی ہے۔ یہ فرق ممکنہ طور پر ریگولیٹری تقاضوں اور مارکیٹ حکمت عملی کے تحت رکھا گیا ہے۔

دیگر متوقع مصنوعات

تقریب میں ممکنہ طور پر دیگر ڈیوائسز بھی لانچ کی جاسکتی ہیں جن میں شاؤمی پیڈ 8 پرو، شاؤمی ٹیگ اور شاؤمی واچ 5 شامل ہیں۔

یہ مصنوعات کمپنی کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ سمجھی جارہی ہیں۔

قیمت اور مارکیٹ حکمت عملی

اطلاعات کے مطابق یورپی مارکیٹ میں نئی سیریز کی قیمتیں گزشتہ ماڈلز کے قریب رکھی جائیں گی تاہم پاکستان میں قیمت کا انحصار ڈالر ریٹ اور ٹیکس پالیسی پر ہوگا۔