Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کیلئے خوشخبری؛ نادرا نے شناختی کارڈ سے متعلق سہولت فراہم کردی

پہلی بار نان اسمارٹ شناختی کارڈ بغیر فیس کے بھی جاری کیا جا سکے گا

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائش سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کے اجرا کی مشروط سہولت متعارف کرا دی ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق پہلی بار رجسٹریشن کرانے والے درخواست گزار اس سہولت سے 31 دسمبر 2026 تک فائدہ اٹھا سکیں گے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز میں متبادل ذرائع سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔ 18 سال یا اس سے زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے لیے نکاح نامہ پیش کرنا ضروری ہوگا جبکہ والد یا والدہ اور شوہر کے شناختی کارڈ کا اجرا شدہ ہونا اور ان کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ غیر شادی شدہ خواتین پر شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ چوبیس سال یا زائد عمر کے مرد درخواست گزار کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ والد یا والدہ اور کسی ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ موجود ہو جبکہ والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔ اگر والدین اور شوہر دونوں فوت ہوچکے ہوں لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہو تو بائیومیٹرک تصدیق میں رعایت دی جاسکے گی۔

ترجمان کے مطابق پہلی بار نان اسمارٹ شناختی کارڈ بغیر فیس کے بھی جاری کیا جا سکے گا۔ تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن کے وقت درست معلومات فراہم کریں کیونکہ ولدیت، تاریخِ پیدائش اور جائے پیدائش میں بعد ازاں تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔

یہ اقدام وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور نادرا اتھارٹی بورڈ سے بھی اس کی منظوری لی جا چکی ہے۔

نادرا کے مطابق یہ سہولت نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ قواعد و ضوابط کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں