سام سنگ نے اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فونز گلیکسی ایس 26، گلیکسی ایس 26پلس اور گلیکسی ایس 26 الٹرا کو باضابطہ طور پر متعارف کرادیا ہے۔
کمپنی نے یہ فونز حالیہ ایونٹ میں پیش کیے جن میں زیادہ تر توجہ جدید سافٹ ویئر اور مصنوعی ذہانت فیچرز پر دی گئی ہے۔
کمپنی نے پاکستان کے لیے بھی ان فونز کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جبکہ صارفین کے لیے پری آرڈر کا عمل بھی جلد شروع کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں گلیکسی ایس 26 سیریز کی قیمتیں
پاکستان میں گلیکسی ایس 26 کا 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2 لاکھ 99 ہزار 999 روپے جب کہ 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا فون 3 لاکھ 56 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح گلیکسی ایس 26 پلس کا 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 3 لاکھ 64 ہزار 999 روپے جب کہ 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا فون 4 لاکھ 9 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے۔
سام سنگ کا گلیکسی ایس 26 الٹرا کا 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 4 لاکھ 24 ہزار 999 روپے، 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا فون 4 لاکھ 89 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے جب کہ 16 جی بی ریم اور 1 ٹیرابائیٹ والا فون 5 لاکھ 79 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے۔
اہم فیچرز اور تفصیلات
گلیکسی ایس 26 سیریز میں جدید اسنیپ ڈریگن 8 ایلائٹ جنریشن 5 اور ایگزائینس 2600 پروسیسر دیا گیا ہے جو فون کی رفتار اور کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔ یہ فون اینڈرائیڈ 16 اور ون یو آئی 8.5 پر کام کرتے ہیں اور کمپنی نے 7 سال تک اپڈیٹس دینے کا وعدہ کیا ہے۔
گلیکسی ایس 26 میں 6.3 انچ ڈسپلے، گلیکسی ایس 26 پلس میں 6.7 انچ ڈسپلے اور گلیکسی ایس 26 الٹرا میں 6.9 انچ کا بڑا امولڈ ڈسپلے موجود ہے۔
تمام فونز میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 2600 نٹس تک برائٹنس دی گئی ہے جس سے ویڈیو اور گیمز کا تجربہ بہتر ہوتا ہے۔
گلیکسی ایس 26 اور ایس 26 پلس میں 50 میگا پکسلز مین کیمرہ دیا گیا ہے جب کہ الٹرا ماڈل میں 200 میگا پکسلز کا طاقتور کیمرہ موجود ہے جو بہترین فوٹوگرافی فراہم کرتا ہے۔
ایس 26 الٹرا میں اضافی طور پر 50 میگا پکسلز پری اسکوپ زوم کیمرہ دیا گیا ہے جو 5 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ بہتر ویڈیو اور نائٹ فوٹوگرافی فیچرز فراہم کرتا ہے جب کہ فرنٹ کیمرہ تینوں فونز میں 12 میگا پکسلز دیا گیا ہے۔
بیٹری اور چارجنگ
گلیکسی ایس 26 میں 4300 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جب کہ ایس 26 پلس میں 4900 ایم اے ایچ اور ایس 26 الٹرا میں 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔ الٹرا ماڈل میں 60 واٹ فاسٹ چارجنگ دی گئی ہے جو فون کو تیزی سے چارج کرتی ہے۔
پاکستان میں کب دستیاب ہوگا؟
سام سنگ کی نئی گلیکسی ایس 26 سیریز پاکستان میں پری آرڈر کے لیے دستیاب ہورہی ہے جب کہ جلد ہی یہ فونز مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
نئی سیریز میں ہارڈویئر تبدیلیاں محدود ہیں تاہم اے آئی فیچرز، کیمرہ اور سافٹ ویئر اپگریڈز اسے ایک جدید فلیگ شپ اسمارٹ فون بناتے ہیں۔




















