Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی روبوٹ نے 10 کلو وولٹ کی بجلی کی لائن مرمت کر کے دنیا کو حیران کردیا

یہ روبوٹ چین کی ہوبے الیکٹرک پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ووہان اسٹیٹ گرڈ نے تیار کیا ہے

دنیا میں پہلی بار ایک چینی روبوٹ نے 10 کلو وولٹ کی بجلی کی لائن کی کامیابی سے مرمت کر کے دنیا کو حیران کردیا۔

اس انقلابی روبوٹ الیکٹریشن نے یہ کارنامہ حال ہی میں چین کے صوبے ہوبےانجام دیا جہاں اس نے  10 کلو وولٹ پاور لائن کی مرمت کامیابی سے مکمل کی اور اس طرح پہلی بار انسانوں کی جگہ روبوٹ نے یہ کام انجام دیا۔

بہت سے الیکٹریشن، پلمبر اور ویلڈر یہ سمجھتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت اے آئی  اور روبوٹکس کی لہر سے ان کی نوکریاں محفوظ ہیں، لیکن ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے سامنے شاید کوئی بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں۔

 مثال کے طور پر چین نے حال ہی میں یہ اعلان کیا کہ اس کے ایک روبوٹ نے کامیابی سے انسانی الیکٹریشن کی جگہ لے کر 10 کلو وولٹ بجلی کی لائن کی اہم مرمت انجام دی۔

یہ روبوٹ چین کی ہوبے الیکٹرک پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ووہان اسٹیٹ گرڈ نے تیار کیا ہے۔ اس حیرت انگیز روبوٹ نے پہلے درست لیزر کٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سخت انسولیشن کو ہٹایا پھر تار کو مرکزی تار کے ساتھ مضبوطی سے جوڑا اور کنکشن کو انتہائی درستگی کے ساتھ کس کر یہ کام مکمل کیا اس طرح انسان کی طرح نہ تو ہاتھ کانپنے کا مسئلہ ہوا نہ غلطی کا خدشہ، اور نہ ہی جان کا خطرہ۔

ووہان اسٹیٹ گرڈ کے ٹیکنیشن وو شِن کے مطابقیہ روبوٹ پیچیدہ تاروں کے درمیان بھی آسانی سے کام کر سکتا ہے، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے انسانوں کے کرنٹ لگنے کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے۔

عام طور پر الیکٹریشن خصوصی حفاظتی لباس پہن کر تاروں والی 10 کلو وولٹ لائنوں پر مرمت کرتے ہیں تاکہ اردگرد کے علاقوں میں بجلی بند نہ ہو۔ اس کام میں بہت زیادہ خطرہ ہوتا ہے، کیونکہ ایک چھوٹی سی غلطی بھی نقصان کا باعث بن سکتی ہے تاہم یہ روبوٹ اب ایسے خطرناک کام انجام دے سکتا ہے۔