دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئے پریمیم پلان پر کام کررہی ہے جس کا مقصد صارفین کو اضافی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
واٹس ایپ پلس کے نام سے تیار کیے جانے والے اس سبسکرپشن پلان کے تحت صارفین ایپ کی ظاہری شکل اور چیٹ کنٹرول میں مزید تبدیلیاں لاسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق واٹس ایپ کی بنیادی سروسز بشمول پیغام رسانی، وائس اور ویڈیو کالز، تصاویر اور ویڈیوز کی شیئرنگ اور پرائیویسی ٹولز بدستور مفت رہیں گے۔ پریمیم سبسکرپشن صرف ان صارفین کے لیے ہوگا جو اضافی فیچرز استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
کیا ہوں گے پریمیم فیچرز؟
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ پلس میں کئی دلچسپ فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں جن میں چیٹس اور ایپ انٹرفیس کے لیے کسٹم تھیمز شامل ہیں جس سے صارفین اپنی پسند کے مطابق ایپ کی شکل بدل سکیں گے۔
عام صارفین کے لیے تین چیٹس پن کرنے کی سہولت ہے جب کہ پریمیم صارفین بیس چیٹس پن کر اسکیں گے۔ خصوصی اسٹیکر پیکس کے علاوہ ایپ کے چودہ مختلف آئیکنز کا انتخاب بھی ممکن ہوگا۔
انٹرفیس کے لیے 19 مختلف رنگوں کے آپشنز، واٹس ایپ کالز کے لیے کسٹم رنگ ٹونز، اضافی ری ایکشنز اور گفتگو کے خصوصی ایفیکٹس بھی پریمیم صارفین کو ملیں گے۔
کب آئے گا یہ فیچر؟
واٹس ایپ نے ابھی تک اس سبسکرپشن کے اجراء کی تاریخ یا قیمت کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ کمپنی اس فیچر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے ڈیویلپمنٹ ورژنز میں آزمارہی ہے اور محدود بیٹا صارفین کے ساتھ اس کے مختلف پہلوؤں کی آزمائش کررہی ہے۔
کچھ بیٹا صارفین کو سیٹنگز مینیو یا اسٹیکر کی بورڈ میں ایک بینر نظر آرہا ہے جس کے ذریعے وہ ویٹ لسٹ میں شامل ہوکر سبسکرپشن کے آغاز سے متعلق اطلاع حاصل کرسکتے ہیں۔
فی الحال واٹس ایپ اپنی بنیادی میسجنگ سروس کو دنیا بھر کے اربوں صارفین کے لیے مفت رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے فیچرز شامل کرنے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ پریمیم سبسکرپشن صرف ان صارفین کے لیے ہوگا جو اضافی سہولیات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔




















