Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریفریجریٹر کا زمانہ ختم؟ سائنسدانوں نے نیا انقلاب برپا کردیا

آج کل ریفریجریٹرز اور ایئر کنڈیشنرز میں جو گیسیں استعمال ہوتی ہیں وہ ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔

سائنسدانوں نے ٹھنڈک پیدا کرنے کا بالکل نیا طریقہ ایجاد کیا ہے جو موجودہ ریفریجریشن کے سسٹم کو تبدیل کرسکتا ہے۔

آج کل ریفریجریٹرز اور ایئر کنڈیشنرز میں جو گیسیں استعمال ہوتی ہیں وہ ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں کیونکہ یہ گیسز گلوبل وارمنگ کی بڑی وجہ ہیں۔ کگالی معاہدے کے تحت ممالک نے اگلے 25 سالوں میں ان کے استعمال میں 80 فیصد کمی کرنی ہے۔

لارنس برکلے نیشنل لیبارٹری اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے محققین نے آئونوکالورک کولنگ نامی تکنیک تیار کی ہے۔

یہ نظام کیسے کام کرتا ہے؟

یہ نیا نظام اس اصول پر کام کرتا ہے کہ جب کوئی مادہ حالت بدلتا ہے تو توانائی جذب یا خارج کرتا ہے۔ جیسے برف پگھل کر پانی بنتی ہے تو اپنے اردگرد سے حرارت جذب کرتی ہے۔

اس نظام میں نمک کے ذرات (آئنز) استعمال کرکے کسی مادے کو حالت بدلنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ جیسے سڑکوں پر نمک ڈالنے سے برف پگھل جاتی ہے، اسی طرح یہاں نمک کے ذرات مادے کو گرم کیے بغیر اس کی حالت بدل دیتے ہیں جس سے ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔

محققین نے آئوڈین اور سوڈیم سے بنا نمک استعمال کرکے ایتھیلین کاربونیٹ نامی مادے کو پگھلایا۔ صرف ایک وولٹ سے بھی کم چارج دے کر درجہ حرارت میں 25 ڈگری سیلسیس کمی لائی گئی۔ یہ کارکردگی دیگر کیلورک ٹیکنالوجیز سے بہتر ہے۔

اس نظام کی خاص بات کیا ہے؟

یہ نظام تین لحاظ سے بہتر ہے۔ پہلا اس میں استعمال ہونے والے مادے ماحول دوست ہیں۔ دوسرا یہ توانائی کی بچت کرتا ہے اور تیسرا اس کی لاگت بھی کم ہے۔

محقق ڈریو للی کا کہنا ہے کہ آج تک کوئی ایسا متبادل نہیں مل سکا جو مؤثر طریقے سے ٹھنڈک پیدا کرے، محفوظ ہو اور ماحول کو نقصان نہ پہنچائے۔ ان کے مطابق آئونوکالورک سائیکل میں یہ تینوں خوبیاں موجود ہیں۔

آگے کیا ہوگا؟

محققین اب مختلف نمکوں کے امتزاج آزمارہے ہیں تاکہ زیادہ مؤثر طریقہ تلاش کیا جاسکیں۔ 2025 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں نائٹریٹ پر مبنی نمک استعمال کرکے بہتر کارکردگی دکھائی گئی۔

محقق راوی پرشاد کا کہنا ہے کہ اب اس ٹیکنالوجی کو لیبارٹری سے نکال کر عملی شکل دینے کی ضرورت ہے تاکہ اسے تجارتی پیمانے پر استعمال کیا جاسکے۔ مستقبل میں یہ نظام ٹھنڈک کے ساتھ گرمی پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔