Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائنس دانوں نے دنیا کے ساحلی علاقوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

نئی تحقیق کے مطابق ساحلی خطوں میں سمندر کی سطح تقریباً ایک فٹ تک بلند ہوچکی ہے

بلند ہوتی سطحِ سمندر سے متعلق سائنس دانوں نے ایک تشویشناک انکشاف کیا ہے جس کے مطابق دنیا کے کئی ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح پہلے ہی نمایاں حد تک بڑھ چکی ہے۔

نیدرلینڈز کے محققین کی ایک نئی تحقیق کے مطابق ساحلی خطوں میں سمندر کی سطح تقریباً ایک فٹ تک بلند ہوچکی ہے، جس سے دنیا بھر میں ساحلی علاقوں میں رہنے والے کروڑوں افراد کے مستقبل کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

تحقیق میں خاص طور پر جنوب مشرقی ایشیا اور انڈو پیسیفک خطے کے ممالک کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی گئی ہے، جہاں بڑی آبادی سمندر کے قریب آباد ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ خطرہ ماضی میں لگائے گئے اندازوں سے کہیں زیادہ سنگین ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحلی پٹی پر آباد علاقوں کو مستقبل میں سطحِ سمندر کے ممکنہ طور پر 6.5 فٹ تک بلند ہونے کے خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ساحلی علاقوں کے تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے موجودہ منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

تحقیق کے مطابق سمندر کی سطح میں اضافہ صرف بنیادی ڈھانچے پر دباؤ اور لوگوں کی جبری نقل مکانی کا سبب نہیں بنتا بلکہ اس کے نتیجے میں طوفان زیادہ شدت اختیار کر سکتے ہیں اور سیلاب کی صورتحال بھی مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیزی سے گرم ہوتی دنیا میں ایسے شدید موسمی واقعات پہلے کے مقابلے میں زیادہ باقاعدگی سے پیش آسکتے ہیں، جس کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔